مزید خبریں

سینیٹ:حکومت ٹی ٹی پی سے مذاکرات پر ایوان کو اعماد میں لے،اپوزیشن

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) سینیٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹی ٹی پی سے مذاکرات پر ایوان کواعتماد میں لے۔ سینیٹ کے اجلاس میں اپوزیشن اراکین نے نیب قوانین میں ترمیم کے خلاف سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔ چیئرمین سینیٹ نے کراچی میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی خواتین پر پولیس تشدد کے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر میاں رضا ربانی نے تحریک طالبان کے ساتھ مذاکرات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر دفاع کو ایوان میں پیش ہوکر تمام معاملات پیش کرنے کا مطالبہ کردیا۔ قائد ایوان سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن کو نیب قوانین میں ترامیم کے معاملے پر مناظرے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مخالفت برائے مخالفت کی پالیسی نہیں ہونی چاہیے۔ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے سخت ترین اقدامات کیے جائیں‘ سودی نظام فوری طور پر ختم کیا جائے‘ غریب افراد کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے تحت ماہانہ 10ہزار روپے دیے جائیں‘ بجٹ میں ملکی معیشت کے امراض کا علاج نظر نہیں آرہا ہے‘ بجٹ میں وسائل کا رخ مالداروں کی طرف کرنے کے بجائے غریبوں کی جانب سے مالداروں کی جانب کیا گیا ہے‘ غریب عوام پر ان ڈائریکٹ ٹیکسز کا عذاب نافذ کیا گیا ہے۔ خواتین سینیٹرز نسیمہ احسان، عابدہ عظیم ،ڈاکٹر ثانیہ نشتر ، ڈاکٹر سیمی ایزدی، خالدہ عطیب، کیشو بائی اور ڈاکٹر زرقہ تیمور نے بجٹ پر بحث کرتے ہوئے تعلیم اور صحت کے لیے زاید فنڈز مختص کرنے جبکہ سگریٹ اور سافٹ ڈرنکس پر ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ کرنے اور غریب عوام کو رعایت دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔