مزید خبریں

الخدمت بلاتفریق رنگ ونسل انسانیت کی خدمت کررہی ہے

لاہور (نمائندہ جسارت) سرپرست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ الخدمت فاونڈیشن بلاتفریق رنگ ونسل انسانیت کی خدمت کررہی ہے۔ اہل لاہور کے مستحق اور حقدار افراد کو صحت،تعلیم،کفالت یتامیٰ،صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر سماجی خدمات خلق کے کام کو الخدمت فاؤنڈیشن لاہور سرانجام دے رہی ہے۔جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن خدمت خلق کی نمایاں تنظیم ہے اور اس کا سب سے بڑا سرمایہ الخدمت کے رضاکار ہیں جو نیک نیتی سے بے سہارااور ضرورت مند لوگوں کی خدمت کررہے ہیں ۔قوم کے ہر فرد سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ قوم خدمت خلق کو نصب العین سمجھنے والے امانت و دیانت والی قیادت کا ساتھ دے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن غربی لاہور کے زیر اہتمام سیفٹی فرسٹ کے موضوع پر لیسکو ملازمین کے اعزاز میں منعقد سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں سابق صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہورعبد العزیز عابد، الخدمت فاؤنڈیشن کے مقامی صدر انجینئر محمد منشا، اعوان ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کے عبد القادر اور ملک محمد عثمان سمیت رانا ٹاؤن، ملتان روڈ، کینال ویو اور اعوان ٹاؤن سب ڈویژن کے آفیسرز اور ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سیمینار میں سرپرست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن لاہور ذکر اللہ مجاہد، عبد العزیز عابد، ملک محمد عثمان اور عبد القادر نے لیسکو ملازمین میں سیفٹی کٹس تقسیم کیں اورلیسکو آفیسرز اور ملازمین نے الخدمت فاؤنڈیشن غربی لاہور کے اس کام کو بھرپور سراہا۔اس موقع پر عبد العزیز عابد نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بے سہارا اور دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن نے کورونا وبا کے دوران دو ارب سے زائد رقم دکھی انسانیت کی خدمت پر خرچ کی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے ہزاروں رضا کار ضرورت مند لوگوں کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ۔ انشاء اللہ خدمت خلق کے اس کو جاری و ساری رکھیں گے۔