مزید خبریں

Jamaat e islami

کوئٹہ ،نامعلوم افراد کی فائرنگ سے2مزدورقتل،ایک زخمی

 

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سندھ سے تعلق رکھنے والے دو مزدوروں کو قتل اور ایک کو کردیا۔ لیویز کے مطابق تینوں مزدور کیچ کے علاقے ہوشاب میں زیرو پوائنٹ کے قریب سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر کام کررہے تھے۔ پیر کی صبح دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ سے دو مزدور جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا۔ لاشوں اور زخمی کو تربت کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔لیویز کے مطابق جاں بحق مزدوروں کی شناخت عمران اور محمد حنیف کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق میر پورخاص اورنوشہرہ فیروز سے بتایا جاتا ہے۔زخمی مزدور کا تعلق بھی میر پور خاص سے ہے۔ لیویز کے مطابق علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔بلوچستان میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران مزدوروں پر حملوں کا یہ چوتھا واقعہ ہے۔ تین روز قبل بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں مسلح افراد نے سٹرک کی تعمیر کرنے والے مزدوروں پر حملہ کرکے دو کو زخمی اور چار کو اغوا کرلیا تھا جبکہ کیمپ اور گاڑیوں کو نذر آتش کردیا تھا۔ جبکہ گزشتہ ہفتے کوئٹہ کے علاقے ہنہ میں ایک کوئلہ کان میں کام کرنے والے دو انجینئروں سمیت چار افراد کو اغوا کیا گیا۔