مزید خبریں

نادار اور ادارہ شماریات کے مابین خانہ شماری کے معاہدے پر دستخط

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور ادارہ شماریات پاکستان کے مابین ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کے آغاز کے معاہدے پرپیر کو دستخط کیے گئے جس کے تحت نادرا کے تیار کردہ مکمل ڈیجیٹل نظام پر خانہ شماری ہوگی،ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری 628 تحصیلوں کے 2 لاکھ مردم شماری بلاکس میں کی جائے گی۔نادار سے جاری بیان کے مطابق معاہدے کی تقریب پیر کو ادارہ شماریات میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی،اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال تھے۔ جنہوں نے پاکستان کی پہلی مکمل ڈیجٹیل مردم شماری میں نادرا کے کردار کو سراہا۔ نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے چیئرمین طارق ملک نے کہا ہے کہ درست مردم شماری ہماری جمہوریت، معیشت اور عوام کی حکمرانی کے لیے بہت ضروری ہے،پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کرانے کا فیصلہ بغیر کسی تعصب کے شفاف مردم شماری پر اتفاق رائے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا ایسے قومی منصوبوں میں اہم ٹیکنالوجی پارٹنر ہے جو شفافیت اور احتساب کو یقینی بناتا ہے۔