مزید خبریں

نظریے کے بغیر ادب کی کوئی سمت نہیں ، عالیہ شمیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وہ ادب جس کے پیچھے نظریہ کار فرما نہ ہو اس کی کوئی سمت نہیں ہوتی۔ یہ بات صدرحریم ادب پاکستان عالیہ شمیم نے شعبہ نشر واشاعت اور ادارہ حریم ادب کراچی کے عہدیداران سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ ادب انسان کے بنیادی وظیفہ ٔ بندگی سے منسلک ہے اور بندگی کے بغیر زندگی محض شرمندگی ہے۔نگراں نشر واشاعت کراچی ثمرین احمد اور حریم ادب کراچی کی نگراں عشرت زاہد، ان کی نائبین طلعت نفیس، افسانہ مہر،سمیرا غزل اور توقیر عائشہ نے حریم ادب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے،ممبران کی رجسٹریشن اور قلمکاروں کے تحفظ سے متعلق امور پر مرکزی نظم کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر میڈیا سیل عالیہ منصور نے کہا کہ سوشل میڈیا صارفین اپنے جذبات کے اظہار میں شائستگی اور سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ مرکزی نائب حریم ادب نگہت فرمان نے کہا کہ ہمارا مقصد لکھاری بنانا نہیں بلکہ تخلیق کار پیدا کرنا ہے۔ عزیزہ انجم نے کہا کہ مختلف بلاگ ویب سائٹس پر زبان وبیان کے اسلوب سے خالی اور اصلاح طلب تحریروں کی اشاعت لکھاری کو تسکین تو دے رہی ہیں مگر ادب کے معیار کو متاثر کر رہی ہیں۔نشست میں ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیاسیل ثمینہ قمر،حریم کی مرکزی نائب فرحی نعیم اورجسارت صفحہ خواتین کی نائب انچارج فائزہ مشتاق بھی موجود تھیں۔