مزید خبریں

جماعت اسلامی نے حکومت میں نہ ہونے کے باوجود ہمیشہ عوام کی خدمت کی ، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے حکومت یا اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے ، الخدمت کی طبی اور رفاہی سرگرمیاں پورے سال جاری رہتی ہیں ، بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کی کامیابی سے شہر میں تعمیر و ترقی اور بہتری کا عمل ضرور شروع ہو گا ، محلے اور یوسی کو بھی بہتر بنائیں گے ، ہم عوام کو ہر گز مایوس نہیں کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیاتی انتخابات میں اپنے حلقہ انتخاب یوسی8 الفلاح نارتھ ناظم آبادبلاک Bواحد کالونی میں الخدمت آئی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن کے پینل میں شریک وائس چیئر مین ذوالفقار ، ریاض جویا ،حاجی منظور اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ اس علاقے سے پہلے بھی 2001ء میں نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے دور میں الخدمت گروپ کے یوسی ناظم ڈاکٹر مبین اختر کی سربراہی میں پینل کامیاب ہوا تھا اور پوری ٹیم کی کوششوں سے علاقے میں صفائی ستھرائی ، لائٹنگ اور پانی کی فراہمی کا بہتر نظام بن گیا تھا ، اس دور میں نہ صرف اس علاقے میں بلکہ پورے شہر میں تعمیر و ترقی کے مثالی کام کیے گئے اور نعمت اللہ خان کی قیادت میں کراچی کے عوام کے بلدیاتی مسائل حل کیے گئے ، شہر میں آج پانی کا شدید بحران ہے اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ 17سال ہو گئے ، کراچی کے لیے پانی میں ایک گیلن پانی کا اضافہ نہیں ہوا ، نعمت اللہ خان کا شروع کردہ K-4منصوبہ مسلسل تعطل کا شکار ہے اب جماعت اسلامی کا میئر ہی اس منصوبے کو مکمل کرائے گا۔ ہم ایم کیو ایم کے سابق میئر کی طرح اختیارات اور وسائل کے نہ ہونے کا رونا رونے کے بجائے عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق لے کر رہیں گے ۔ نامزد امیدوار وائس چیئر مین ذوالفقار نے کہا کہ آج جو صورتحال ہے اسے ٹھیک کرنے کے لیے جماعت اسلامی کی کامیابی بہت ضروری ہے ، عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے دور میں جو ترقیاتی کام ہوئے وہ کسی اور دور میں نہیں کیے گئے اور نعمت اللہ خان جب آئے تو انہوں نے پورے کراچی کا انفرا اسٹرکچربدل کر رکھ دیا ، اس وقت کراچی کا بجٹ 4 ارب روپے تھا،جسے بڑھا کر 43ارب روپے تک پہنچادیا ، حافظ نعیم الرحمن کی قیادت اور ان کے نمائندوں پر عوام نے اعتماد کیا اور جماعت اسلامی کا مئیر بناتو ان شا ء اللہ ہم اس 43ارب کے بجٹ کو مزید آگے لے کر جائیں گے کیونکہ جو ایماندار اوراہل قیادت ہو تی ہے وہ عوام کا پیسہ عوام پر لگاتی ہے ،جب عوام کا پیسہ عوام پر لگتا ہے تو نظر بھی آ تا ہے ، 2001ء میں جب ہم یہاں سے منتخب ہو ئے ،ہمارے اس بلاک میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے تھے ۔علاقہ مکینوں کو بے شمار مسائل تھے ، ہم نے ان کو حل کیا اور عوام کے اعتماد پر پورا اترے ۔