مزید خبریں

الیکشن کمیشن نے بلدیاتی و ضمنی انتخابات میں فوج سے مدد طلب کرلی

اسلام آباد (آن لائن+ اے پی پی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی و قومی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں سیکورٹی کے لیے فوج سے مدد طلب کرلی۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مراسلہ بھیج دیا، جس میں سندھ کے بلدیاتی انتخابات، پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات، این اے 245 کراچی کے ضمنی انتخابات، پی کے 7 سوات کے ضمنی انتخابات کے لیے سیکورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے مراسلے میں گزشتہ انتخابات کے دوران پاک فوج کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات سمیت ضمنی و بلدیاتی الیکشن میں انتہائی حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں پر پاک فوج نے مثالی کردار ادا کیا۔ حالیہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان بلدیاتی انتخابات میں بھی پاک فوج نے سیکورٹی کی خدمات احسن طریقے سے سر انجام دیں۔ انہوں نے مراسلے میں امید کا اظہار کیا کہ آئندہ انے والے ضمنی و بلدیاتی انتخابات میں بھی پاک فوج بہترین طریقے سے اپنی خدمات سر انجام دے گی۔ واضح رہے کہ کراچی اور لاہور کے ضمنی انتخابات میں بد امنی اور پر تشدد واقعات کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاک فوج کی خدمات طلب کی جا رہی ہیں۔سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ 26 جون، پی کے 7 سوات میں ضمنی الیکشن 26 جون اور پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات 17 جولائی کو شیڈول ہیں۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 24 جولائی اور این اے 245 کراچی میں 27 جولائی کو ضمنی انتخابات شیڈول ہیں۔علاوہ ازیں چیف الیکشن کمشنر نے سندھ حکومت کو بلدیاتی انتخابات اور این اے 245 کراچی کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی طرف سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں این اے 240 کے حالیہ ضمنی انتخابات میں بد امنی ، فائرنگ اور بلیٹ باکس چھینے کے واقعات پر فوری ایکشن کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پولنگ میں مداخلت اور بدامنی کے ذمہ داروں کے خلاف مثالی ایکشن لیا جائے۔مزید برآں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے پی پی 167 لاہور میں ہونے والے ناخوشگوار واقعے جس میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کے ورکروں کے درمیان لڑائی اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور کئی افرا د زخمی ہوئے تھے اس کیس میں اب تک کی پیشرفت پر بریف کیا۔ الیکشن کمیشن نے متعلقہ امیدواروں نذیر احمد چوہان (ن لیگ) اور شبیر احمد(پی ٹی آئی )کو 23 جون 2022ء کو الیکشن کمیشن طلب کرنے کا حکم دیا۔