مزید خبریں

بھارت میں توہین رسالت پر پریم یونین کی احتجاجی ریلی

پاکستان ریلوے پریم یونین نے بھارتی جنتا پارٹی کے رہنمائوں کی طرف سے شان رسالت میں گستاخی کرنے پر مرکزی صدر شیخ محمدانور کی قیادت میں ریلوے ہیڈکوارٹرز سے لاہور پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی میں مرکزی چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری، فیاض شہزاد، ناصرخان، طارق نیاز، رمضا ن باوا، جمیل ملک،خضرحیات،حاجی عبدالعزیز مدنی سمیت ریلوے ملازمین نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ملعون بھارتی رہنمائوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مظاہرین نے گستاخی کرنے والوں کے پتلے بھی جلائے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شیخ محمدانور نے کہا کہ نبی اکرمؐ کی حرمت دنیا کے دو ارب سے مسلمانوں کے لیے سرخ لکیر کی حیثیت رکھتی ہے، اسے اگر چھیڑا جائے گا تو مسلمان خاموش نہیں بیٹھیں گے، مسلمان اپنی گردنیں تو کٹا سکتے ہیںمگر حرمت رسول پر ایک حرف نہیں آنے دیں گے۔شانِ رسالت ؐ میں گستاخی کے خلاف عرب دنیا کی جانب سے شدید ردعمل اور بائیکاٹ انڈیا مہم خوش آئند ہے۔حکومت پاکستان بھی سخت ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اور بھارت کا مکمل معاشی بائیکاٹ کرے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر اس مسئلے کو اجاگر کر کے جمہوری ملک ہونے کے دعویدار بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لائے۔