مزید خبریں

موسم گرما میں پانی کی زائد مقدار گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھتی ہے

سعودی عرب میں گرمی کی شدت میں اضافہ اوراسکولوں میں گرمی کی تعطیلات سے لطف اندوز ہونے کے لیے پاکستانی خواتین نے کیل واچ کے پلیٹ فارم سے سجائی گئی ایک تقریب میں شرکت کی جس میں موسمِ گرما کا گرمجوشی سے استقبال کرنے پر غذائیت سے بھرپور مشروبات اور پکوان رکھے گئے تھے۔ خواتین کا کہنا تھا کہ تمازتِ آفتاب لئے موسمِ گرما کے بھرپور شب و روز کو ہم مل کر خوش آمدید کہتے ہیں۔ سال بھر ہم گرمی کی چھٹیوں کا انتظار کرتے ہیں تاکہ اپنے ملک پاکستان والدین اور رشتے داروں سے ملنے جا سکیں۔
تقریب میں ماہر غذائیت ادعیہ وہاج نے دھوپ کی حرارت بخش کرنوں کو پر کیف بنانے کے لئے مزیدار پھل ، رنگ برنگے مشروبات اور غذائیت سے بھرپور ہلکے پھلکے پکوان کا اہتمام کیا اورکہا کہ گرمیوں کے موسم میں ہم سب کو جتنا ممکن ہوسکے زیادہ سے زیادہ پانی اور غذائیت بھرے مشروبات کا استعمال کرنا چاہیے موسم گرما میں چیری، اسٹرا بیری، آم، آڈو ، خوبانی ، تربوز اور انناس جیسے موسمی پھلوں کی کثرت کی وجہ سے بہت ساری اقسام کے مزیدار مشروبات اور اسموتھیز بنانے کا یہ باضابطہ طور پر بہترین موسم ہے۔
تقریب میں ماہر تعلیم عذرا نشاط ، ڈاکٹر رخشندہ پوری ، شفاء احمد، ماہر تعلیم نحل خان اور ندا عدنان، ایونٹ آرگنائزر عمارہ عرفان کے علاوہ ڈاکٹر عطیہ بیگ، سلمیٰ جہانزیب، مدہتِ رؤف ، سحرش ارسلان، حفصہ صمد ، مہک فہد، نصرت جبین، مریم اور پاکستانی کمیونٹی کی دیگر خواتین نے شرکت کی اور اختتام پر موسم گرما ، موسمی پھلوں اور مشروبات کی اہمیت کے اس شاندار امتزاج پر ادعیہ وہاج کا شکریہ ادا کیا.