مزید خبریں

Jamaat e islami

ملک بھر میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، کئی پل بہہ گئے، 5 افراد جاں بحق

 

 

اسلام آباد/ سبی (صباح نیوز) ملک بھر میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے‘ کئی چھوٹے پل بہہ گئے ۔جبکہ 5 افراد جاں بحق بھی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقہ کٹ منڈی میں پک اپ وین سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور4 زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں 5 خواتین اور ایک بچی شامل ہیں۔ خیبر پختونخوا، پنجاب سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں گزشتہ روز وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ پنجاب کے علاقے لاہور، گوجرانوالہ، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، میلسی، جہانیاں، لیہ، چکوال، وہاڑی، ٹبہ سلطان، جتوئی سمیت دیگر علاقوں میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ لیہ کے ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال رہی۔ موسلا دھار بارش نے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں کو ڈبو دیا اور بارش کا پانی گھروں میں گھس آیا جبکہ گاڑیاں پانی میں تیرنے لگیں۔ اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد کے علاقے میں بھی پانی بھر گیا۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں اولے بھی گرے۔ آزاد کشمیر میں بھی موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی۔ بھمبر کے علاقے برنالہ کی گلیوں اور بازاروں میں پانی بھر گیا جبکہ ایک کار نالے میں گر گئی جسے مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکالا۔ بلوچستان میں بھی بادل خوب جم کے برسے اور ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جبکہ سیلابی ریلے کئی چھوٹے پل بہا کر لے گئے۔ کوہلو کا سبی، کوئٹہ اور اندرون بلوچستان سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ انجیر کے مقام پر سیلابی ریلہ سڑک کو ہی بہا لے گیا۔ ممکنہ موسلا دھار بارش اور سیلاب کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان میں متعلقہ محکمے کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے ہدات کی ہے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے معمولات زندگی متاثر رہے ۔ محکمہ موسمیات نے آج (پیر) سے بدھ تک ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ موسلا دھار بارش کا ایک اور سلسلہ پیر سے ملک کے بالائی وسطی علاقوں میں داخل ہو گا، جس کے باعث مقامی ند ی نالوں، دریائوں میں طغیانی، نشیبی علاقے زیر آب آنے اورکمزور انفرااسٹر کچر کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، لہٰذا متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔ محکمہ موسمیات نے مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔