مزید خبریں

Jamaat e islami

حیدرآباد:مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق ،4 ملزمان گرفتار

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)مختلف حادثات میں 2افراد جاںبحق ہوگئے،پولیس نے مختلف علاقوںمیں کارروائی کے دوران منشیات فروش و ڈگیت گروہ کے کارندوںسمیت 4ملزمان کوگرفتار کرلیا،ملزمان سے اسلحہ و چرس برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد نسیم نگر کے علاقے میں ٹرالر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 35سالہ محمد ولید انصاری موقع پر ہی جاںبحق ہوگیا، لاش کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب ہٹڑی کو ایک شخص بیہوشی کی حالت میں ملا، جس کی شناخت محمد زوہیب فاروقی کے نام سے ہوئی جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب کچھ روز قبل جھگڑے کے دوران زخمی ہونے والادادن شاہ گلی نمبر 4 کا رہائشی اسد بورانا دوران علاج چل بسا، تشویشناک حالت کے باعث کراچی کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، میت گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔تھانہ حالی روڈ پولیس نے ڈی ایس پی حالی روڈ شکیل احمد سولنگی کی سربراہی میں ایس ایچ او سب انسپکٹر عبدالمالک ابڑو کی اپنے اسٹاف کے ہمراہ کارروائی مخفی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لال ٹنکی امریکن کوارٹر کے قریب سے چور و ڈکیت گروہ کے کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا،گرفتار ملزمان کی شناخت منور عرف مونی اور علی حیدر سولنگی کے ناموں سے ہوئی ملزمان کے قبضے سے 1 عدد پستول برآمد ہوئی،ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزمان نے اپنا تعلق منظم چور و ڈکیت گروہ سے ظاہر کیا، ملزمان کے قبضے سے مختلف وارداتوں میں چوری و چھینے گئے لاکھوں روپے مالیت کے 3 عدد موبائل فونز بھی برآمد ہوئے۔ادھر قاسم آباد پولیس نے مخفی اطلاع پر مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے چرس و آئس فروش گروہ کے کارندوں کو منشیات فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ،گرفتار ملزمان کی شناخت غلام کاظمین رند اور غلام علی جونیجو کے نام سے ہوئی ،ملزم غلام کاظمین رند کے قبضے سے 1 کلو 10 گرام چرس برآمد ہوئی ،ملزم غلام علی جونیجو کے قبضے سے 1 کلو 15 گرام چرس برآمد ہوئی گرفتار ملزمان نے ابتدائی میں خود کو منظم منشیات فروش گروہ کا ڈیلر ظاہر کیا ،پولیس نے مقدمات درج کرلیے۔