مزید خبریں

Jamaat e islami

فائرنگ و دیگر واقعات میں 7افراد جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں حادثات وپر تشدد واقعات کے دوران 7افراد جاںبحق ہوگئے دیگر واقعات میں پولیس اہلکارسمیت 5افراد زخمی ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سرجانی خدا کی بستی روزی موڑ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے50سالہ اقبال خان ولد لعل جان جاںبحق ہو گیا،جسے اسپتال منتقل کیا گیا ۔پولیس کے مطابق مقتول اسٹیٹ ایجنسی کے مالک اور خدا کی بستی سائرہ گوٹھ کا رہائشی تھا،پولیس نے بتایا کہ واقعہ کے وقت مقتول کے ساتھ انکا دوست اور ایک بچہ بھی بیٹھا ہوا تھا جو محفوظ رہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے اور مقتول کا کچھ لوگوں سے زمین کا تنازعہ بھی چل رہا تھا،مقتول نے ایک سال قبل اسی جگہ مہران رند نامی شخص کو قتل کیا تھا۔محمود آباد تھانے کی حدد محمودآباد اعظم بستی گلی نمبر-5کے قریب آپسی جھگڑے میں ڈنڈوں کے وار سے ایک شخص جاںبحق ہو گیا۔اسپتال میں مقتول کی شناخت 53سالہ شوکت حسین ولد عدالت حسین کے نام سے ہوئی ۔سپر ہائی وے گنا منڈی کے قریب 42سالہ لقما ن علی ولدخان ڈیرو کوقتل کردیاگیا۔پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔منگھوپیر تھانے کی حدود منگھوپیر نورس کمپنی کے قریب واٹر فلٹر پلانٹ کے اندر سے25سالہ شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی ہوئی تشدد زدہ ڈوبی ہوئی لاش برآمد ہوئی۔ سٹی ریلوے کالونی کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاںبحق ہو گیا،جسے اسپتال منتقل کیا گیا،اسپتال میں متوفی کی شناخت 50سالہ جمشید ولدعالم کے نام سے ہوئی۔ مبینہ ٹاون تھانے کی حدود ابوالحسن اصفہانی روڈ پیراڈائز بیکری کے قریب سے 35سا لہ نامعلوم شخص کی لاش ملی ، ساکھران روڈ چڑھائی کے قریب گھر سے25سالہ محمد ظاہر ولد محمد اکبر کی گلا کٹی ہوئی لاش ملی۔