مزید خبریں

پی ٹی آئی کے منحرف ارکان اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنیکا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج

اسلام آباد (صباح نیوز) تحریک انصاف کے25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج کردیا گیا۔ پی پی 288 ڈی جی خان سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے منحرف رہنما محسن عطا کھوسہ نے تحریک انصاف کے25 منحرف ارکان صوبائی اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا ہے۔ درخواست میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے سربراہ سبطین خان کو فریق بنایا گیا ہے۔ محسن عطا کھوسہ نے آئین کے آرٹیکل63 اے (5) کے تحت 20 مئی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان صوبائی اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کے حکم نامے کو چیلنج کیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ڈی سیٹ کرکے ضمنی انتخابات کرانے کا غیر قانونی فیصلہ دیا، الیکشن کمیشن کا فیصلہ خلاف قانون اور حقائق کے منافی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیاہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ قانون کی نظر میں برقرار نہیں رکھا جا سکتا، اس لیے الیکشن کمیشن کا 20 مئی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔