مزید خبریں

الخدمت کے تحت مفت میڈیکل کیمپس کا اہتمام ،سیکڑوں افراد کا معائنہ

کراچی(پ ر)الخدمت کے تحت فرنٹیر کالو نی اور نگی اورفیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں مفت میڈیکل کیمپس کا اہتمام کیا گیا۔کیمپس میں 500سے زائد افرادکا معائنہ کیا گیا ،جن میں خواتین ،بچے اور بزرگ شامل تھے۔کیمپ میں جنرل امراض کے ساتھ ساتھ لوگوں کی آنکھوں کا بھی معائنہ کیا گیا۔ کیمپ میں کولیسٹرول اور شوگر سمیت دیگر ٹیسٹ مفت کیے گئے۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے فیڈرل بی ایریاکے بلدیاتی امیدوارعظیم اللہ حسینی،علاقہ ناظم فرنٹیر کالونی محمد علی اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔کیمپ میں مردو خواتین ڈاکٹرز اورپیرامیڈیکل اسٹاف نے لوگوں کا معائنہ کیا اور انہیں ڈاکٹر ز کی تجویز کردہ ادویہ مفت فراہم کیں۔ڈاکٹروں نے کیمپ میں آنے والے افراد کو صحت کا خیال رکھنے اور ایک متوازن زندگی کے حوالے سے آگہی دی ،جبکہ آنکھوں کے لیے ضروری احتیاط اور شوگر کے مریضوں کو شوگرکنٹرول میں رکھنے سے متعلق تدابیر بھی بتائیں ، علاقہ مکینوں نے الخدمت کی جانب سے کیمپ کے انعقاد کوسراہا۔اس موقع پرکیمپ میں موجود ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ الخدمت شہرکے مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپس کا اہتمام کر تی ہے، جس کا مقصد لوگوں تک نہ صرف صحت کی مفت سہولتیں پہنچانا ہے بلکہ لوگوں میں صحت کے حوالے سے شعورو آگہی بھی فراہم کر نا ہے۔