اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مخالف پڑوسی بھارت کے ہاتھوں غریب عوام کا استحصال کیا جا رہا ہے‘وہ مسلسل بلوچستان میں مداخلت کر رہا ہے‘ عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری جارحیت اور انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی کا نوٹس لینا ہوگا اور اس پر بھارت کو تنبیہہ کرنا ہوگی‘ مغرب اور امریکا ہمارے اندرونی معاملات پر ہمیں نشانہ بناتے ہیں مگر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو مبینہ طور پر نظر انداز کردیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں کیا ۔ برطانوی ہائی کمشنر نے جواب میں کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کی توسیع کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو جبری مذہبی تبدیلی، بچوں کی شادیاں، توہین مذہب کے قوانین کے غلط استعمال، خواتین کی تعلیم، گھریلو تشدد اور صنفی مسائل پر زیادہ توجہ کی ضرورت ہے۔