مزید خبریں

امریکا ، چرچ میں فائرنگ سے 2افراد ہلاک

مونٹگمری (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست الاباما کے شہر ویسٹاویا ہلز میں مسلح شخص نے چرچ کے اندر گھس کر فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔امریکی میڈیا کے مطابق ریاست الاباما کے شہر ویسٹاویا ہلز کے چرچ اسٹیفن ایپیسکوپال پر مسلح شخص نے اس وقت فائرنگ کردی جب وہاں درجنوں افراد عبادت کے لیے موجود تھے۔ فائرنگ کے بعد گرجا گھر میں بھگدڑ مچ گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے شخص کی حالت تشویش ناک ہے ۔ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرکے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا،تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زیر حراست مشتبہ شخص سے تحقیقات کے دوران قاتل اور مقتولین کے درمیان کوئی تعلق ثابت نہیں ہوسکا۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے دوران امریکا میں فائرنگ کے کئی واقعات تواتر سے پیش آئے ہیں۔اس سے قبل امریکی شہروں فلاڈیلفیا، چٹانوگا اور سگینو میں فائرنگ کے 3مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 9 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہوگئے تھے۔فائرنگ کا پہلا واقعہ ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے ایک مصروف شاہراہ پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس میں 3 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے۔اس کے چند گھنٹوں بعد ہی ریاست تینیسی کے شہر چٹانوگا میں ایک نائٹ کلب میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔