مزید خبریں

ورلڈکپ کوالیفائی نہ کرنے پر سابق ہاکی کوچ افسردہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کے سابق ڈچ کوچ نے قومی ٹیم کے ورلڈ کپ میں کوالیفائی نہ کرنے پر افسردگی کا اظہار کیا ہے۔پاکستان کے سابق ڈچ کوچ رولنٹ آلٹمنز نے کہاہے کہ پوری دنیا کی طرح میں بھی افسردہ ہوں کہ پاکستان ٹیم نے ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی نہیں کیا، ہم امید کر سکتے ہیں کہ پاکستان ہاکی ٹیم درست سمت کی طرف گامزن ہو،پہلا ہدف پیرس اولمپکس کے لئے کوالیفائی ہونا چاہیے، کوالیفائنگ رائونڈ مشکل ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں اس وقت ٹیم ہے وہاں سے نکل کر اوپر آنے میں وقت لگے گا، اچھی سمت اختیار کریں اور پالیسی کو تسلسل کے ساتھ اپنائیں۔ڈچ کوچ نے فیڈریشن کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اچھے ڈویلپمنٹ اور ہائی پرفارمنس پروگرام ٹیم کے لیے شروع کریں، بلجیم اور بھارت کو دیکھیں انہیں یہاں تک پہنچنے میں 8-10 سال لگے۔رولنٹ آلٹمنز کا کہنا تھا کہ توقع کے مطابق رزلٹ نہ آنے پر پروگرام کو تبدیل مت کریں اس پر قائم رہیں جبکہ ڈچ ہاکی کوچ رولنٹ آلٹمنز نے رانا ظہیر اکیڈمی میں کوچنگ بھی شروع کردی ہے۔رولنٹ آلٹمنز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیمپ میں 60 کھلاڑی موجود ہیں جن کو 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں میں مہارت ہے اور گیم کو سمجھتے ہیں۔