مزید خبریں

حکومت نے عوام کو خودکشیاں کرنے پرمجبور کردیاہے ،عبدالعزیزعابد

لاہور (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کے رہنماعبدالعزیز عابد نے کہا ہے کہ پیٹرول مہنگا کر کے حکومت نے لوگوںکو خود کشیوںپر مجبور کردیا ہے۔ اب مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔ کرپٹ حکمرانوں نے ہمارا ملک گروی رکھ دیا ہے۔ان کے بچے باہر، کاروبار باہر ، جائیدادیں اور بینک بیلنس باہر یہی وجہ ہے کہ نعمتوں سے مالا مال پاکستان ترقی نہیں کرسکا ۔ ایسے تمام سیاستدانوںکے لئے الیکشن پر پابندی ہونی چاہیے جن کے بچے ، جائدادیں اور کاروبار بیرون ملک ہوں۔ جب سے ملک بنا ہے تمام حکومتیں قرض اتارنے کے لئے نیا قرض پہلے سے بھی بھاری شرح سودپر لے لیتی ہیں جواب میں انہیں ان ملکوں اور آئی ایم ایف کی غلامی کرنا پڑتی ہے۔سودی نظام کے خاتمے ہی سے ملک میں خوشحالی آ سکتی ہے اور سودی نظام کا خاتمہ صرف جماعت اسلامی ہی کرسکتی ہے ۔اس لئے قوم اپنا ووٹ اس مرتبہ جماعت اسلامی کے ایماندار اور باصلاحیت امیدواروںکو دے کر کامیاب کروائیں اللہ کی مدد سے ملک میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا نظام نافذ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان چونگی پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالعزیز عابد کا کہنا تھا کہ پیٹرول مہنگا کرکے عوام کا گلا دبانے کی کوشش کی گئی ہے ۔بجلی کی10دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ اور قیمت میںکئی گنا زیادہ اضافہ کردیا گیا ہے۔کمر توڑ مہنگائی نے عام آدمی کو زندہ درگور کردیا ہے۔ لوگوں کیلئے دووقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ہو چکا ہے۔روزانہ کی بنیاد پر آٹا، چینی، گھی، سبزیاں، پھل ،دودھ،بجلی، پیٹرول و گیس اوردیگر ضروریاتی اشیاکی بڑھتی قیمتوں نے سفید پوش اور غریب آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ایسے میں نااہل اتحادی حکومت آئی ایم ایف کو خوش کرنے اور مزید قرضوں کے حصول کیلئے لوگوں پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے۔ عام آدمی کو کبھی پیٹرول بم سے تباہ تو کبھی بجلی کے جھٹکے دیئے جارہے ہیں۔ ہم پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں اور اس اضافے کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔