مزید خبریں

غریب ممالک قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کریں،آئی ایم ایف

اسلام آباد (کامرس ڈیسک)عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ غریب ممالک کے قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کے لیے جامع ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ آئی ایم ایف نے اپنے ایک بلاگ میں کہا ہے کہ آج سے 25برس قبل کے مقابلہ میں کم آمدنی والے اور غریب ممالک کو قرضوں کے شدید مسائل کا سامنا ہے تاہم 1990کی دہائی کے مقابلہ میں قرضوں کے حجم میں ردوبدل ہوا ہے۔گزشتہ ایک دہائی کے دوران قرضوں کی صورتحال میں تبدیلی کی وجہ سے ری اسٹرکچرنگ کا عمل زیادہ پیچیدہ ہوگیا ہے۔عالمی ادارہ نے کہا ہے کہ قرض فراہم کرنے والے ادارے افراد کے تنوع سے ہم آہنگی کی اہمیت میں بھی اضافہ ہوا ہے کیونکہ ماضی میں پیرس کلب، نجی بینکوں اور بین الاقوامی اداروں سے قرض حاصل کیا جاتا تھا لیکن اس وقت کم آمدنی والے اور غریب ممالک کو قرضہ فراہم کرنے والوں میں چین اور نجی سطح پر سرمایہ کاری بانڈز خریدنے والو ں کی تعداد بڑھی ہے۔آئی ایم ایف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ قرض فراہم کرنے والے ممالک، اداروں اور افراد کے تنوع کے پیش نظر اس وقت قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کے حوالے سے جامع اور قریبی ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔