مزید خبریں

باڈہ :پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف سماجی رضاکار تحریک کا مظاہرہ

باڈہ (نمائندہ جسارت) ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف سماجی رضاکار تحریک کی جانب سے سارنگ امر، دودو دیشی اور اقبال کھوکھر کی قیادت میں ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھائے ٹاؤن ہال کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں قربان علی قرب پنہور، مرتضیٰ گوپانگ، ساجد پنہور، اکبر آزاد ہیسبانی اور دیگر شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 15 دنوں کے اندر ریکارڈ مہنگائی کی گئی ہے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں نے غریب عوام کی زندگی جہنم بنادی ہے۔ کسان کے بچے گھروں میں بھوک اور پیاس کی وجہ سے خودکشی کر رہے ہیں لیکن منتخب نمائندوں اور حکمرانوں کو کوئی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کو فوری آدھا کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے نہیں تو پورے ملک میں احتجاجی ریلیاں نکال کر دھرنے دیے جائیں گے اور ہماری جدوجہد تب تک جاری رہے گی جب تک مہنگائی کو کنٹرول کرکے عوام کو ریلیف فراہم نہیں کیا جاتا۔