مزید خبریں

Jamaat e islami

جماعت اسلامی کی کامیابی سے نئے دور کا آغاز ہوگا،زبیر حفیظ

 

سکھر(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ الیکشن سر پر آتے ہی شہر میں ترقیاتی کاموں کے نام پر ناقص اور غیر معیاری تعمیرات شروع کر دی گئی ہیں، حکمران جماعت نے گزشتہ کئی سال میں کوئی کام نہیں کیا، اب عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے اور سرکاری پیسہ برباد کیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 1 سے جماعت اسلامی کے امیدوار محمد علی مہر اور یوسی 3 جئے شاہ ٹاؤن سے امیدوار سرفراز احمد صدیقی کے انتخابی دفاتر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے اہلیان علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خریدوفروخت کی اس منڈی میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں سرخرو کیا ہے اور جماعت اسلامی کے کسی امیدوار نے اپنے ضمیر کا سودا نہیں کیا جبکہ شہر میں لوگ ضمیر ہتھیلی پر لیے گھوم رہے تھے۔جماعت اسلامی نعمت اللہ خان جیسے باصلاحیت میئر کی وارث ہے جس نے جدید کراچی کی بنیاد رکھی۔جماعت اسلامی کے امیدواران کی کامیابی شہر کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سکھر کے عوام بیدار ہیں کرپشن ٹولہ مختلف بہانوں سے عوام کو بیوقوف بنانا چاہتا ہے عوام اس دفعہ ان کے جھانسے میں ہرگز نہ آئیں۔اس موقع پر امیدوار یوسی 1 محمد علی مہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یوسی کے عوام کا بھرپور اعتماد حاصل ہے، علاقے کے مسائل سے آگاہی ہے، کامیاب ہوکر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔