مزید خبریں

میرپورخاص: فزکس کا پرچہ وقت سے قبل سوشل میڈیا کی زینت بن گیا

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) میرپورخاص تعلیمی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ امتحانات ناظم امتحانات کی نااہلی اور مبینہ ملی بھگت سے مذاق ہی بن گئے۔ وقت سے قبل پیپر آئوٹ ہونے کی روایت برقرار۔ تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے تحت بارہویں جماعت کا فزکس کا پرچہ بھی سوشل میڈیا کی زینت بن گیا۔ میرپورخاص تعلیمی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے مقررہ وقت پر شروع ہونے سے پہلے ہی تقریباً تمام پیپرز طلباء کے واٹس ایپ پر موجود رہے ہیں اور فزکس کے پیپر سے پہلے ہونے والے پرچے بھی پیپر کا وقت شروع ہونے سے قبل ہی واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پر دستیاب تھے۔ تعلیمی بورڈ کے حساس ترین شعبہ امتحانات میں اس سنگین غفلت، نااہلی اور بدعنوانی میں ملوث ذمہ داروں کا تعین کون کرے گا؟ کب اور کیسے ملوث افسران و ملازمین کو سزائیں دی جائیں گی؟ کیوں ان پیپرز کو منسوخ نہیں کیا گیا؟ تعلیم اب صوبائی حکومت کا معاملہ ہے اور اس کی ذمہ داری تعلیمی بورڈ میرپورخاص اور محکمہ بورڈ اینڈ یونیورسٹیز سندھ سمیت صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ ایسے اقدامات لے جس سے اس قسم کے سنگین غفلت و نااہلی اور مبینہ بدعنوانی کے واقعات دوبارہ کبھی نہ ہوسکیں کیونکہ ایسے واقعات سے اُن طالب علموں کا مستقبل خراب ہو سکتا ہے جو محنت کرکے امتحان میں بیٹھتے ہیں۔