مزید خبریں

جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف 19جون کو سندھ بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا ۔امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ موجودہ و سابق حکمران آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عمل کرکے مہنگائی کا طوفان اور عوام کا خون نچوڑنے میں مصروف ہیں، کمر توڑ مہنگائی اور نااہلی کی وجہ سے ملک معاشی و سیاسی بحران کی زد میں اور عوام دو وقت کی روٹی کے لیے بھی سخت پریشان ہیں۔کل مورخہ 19 جون کو جماعت اسلامی کے تحت پیٹرول قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کے خلاف سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں لوئر سندھ کے ضلعی امراء کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ جس میں حیدرآباد، میرپورخاص اور نواب شاہ ڈویژن کے امراء و جنرل سیکرٹری شریک تھے۔ اجلاس میں کارکردگی رپورٹ سمیت دیگر دعوتی و تنظیمی امور اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی نائب امیر و ناظم انتخابات ایڈووکٹ ممتازحسین سہتو، جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ، نائب قیمین محمد مسلم، محمد افضال آرائیں، مولانا عبد القدوس احمدانی، طاہرمجید آرائیں، مولانا آفتاب ملک، عقیل احمد خان اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ صوبائی امیر نے مزید کہاکہ انتخابات قوم کا امتحان ہوتا ہے،اس سے پتہ چلتا ہے کہ قوم کس طرح کا ملک اور قیادت چاہتی ہے۔ دنیا بھر میں جمہوریت میں انتخابات کو اہمیت دی جاتی ہے۔اس لیے جماعت اسلامی انتخابی عمل کے ذریعے ملک میں تبدیلی لانا چاہتی ہے۔ انہوں نے ذمے داران پر زور دیا کہ وہ رابطہ عوام مہم کو تیز اور الیکشن کو جہاد سمجھ کر لڑیں۔