مزید خبریں

Jamaat e islami

گستاخانہ بیان دینے والی نوپور شرما روپوش ،ممبئی پولیس گرفتاری میں ناکام

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم  کی شان  میں گستاخانہ بیان دینے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان نوپور شرما گزشتہ 5 روز سے لاپتا ہے،پولیس تمام تر کوششوں کے باوجود  تاحال سراغ لگانے میں ناکام رہی ہے۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق ممبئی پولیس کی ایک ٹیم 5روز قبل نوپور شرما کو گرفتار کرنے دہلی پہنچی تھی۔ یہ ٹیم بی جے پی کی خاتون ترجمان کے خلاف گستاخانہ بیان پر درج مقدمے کے سلسلے میں ان سے تفتیش کے لیے آئی تھی تاہم اب تک نوپور شرما کو ڈھونڈنے میں ناکام رہی ہے۔ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی ترجمان لاپتا ہے اور رابطہ کرنے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں جب کہ نوپورشرماکے اہل خانہ نے گمشدگی کی کوئی رپورٹ بھی درج نہیں کرائی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 28 مئی کو ممبئی میں درج ہونے والے مقدمے میں پولیس کے پاس نوپور شرما کو گرفتار کرنے کے لیے کافی شواہد موجود ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ وہ گرفتاری کے ڈر سے چھپ گئی ہے۔اس سے قبل ممبئی پولیس نے اس مقدمے پر نوپور شرما کو ایک ای میل کے ذریعے سمن بھیجا تھا تاہم وہ پولیس کے سامنے پیش نہیں ہوئیں جس پر اب پولیس کی ایک ٹیم بھیجی گئی ہے۔یاد رہے کہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پر پیغمبر اسلام حضرت محمدؐکی شان اقدس میں گستاخانہ گفتگو کی تھی جس پرعالم اسلام میں شدید احتجاج کیا گیا  اور 5 جون کو بی جے پی نے نوپورشرماکومعطل کردیاتھا۔