مزید خبریں

اسلامی بینکاری میں پاکستان کی شرح ترقی 30.6 فیصد ہے ،موڈیز

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان میں اسلامی بینکاری کی صنعت نے گزشتہ 10 سال میں سالانہ 24فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے۔ اقتصادی سست روی کے باوجود سال 2021ء کے دوران شعبہ کی شرح نمو 30.6فیصد رہی ہے۔ بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ادارے موڈیز کے سرمایہ کاری کے شعبہ نے اپنی رپورٹ ” پاکستان میں اسلامی بینکاری کے شعبہ کی مستحکم شرح نمو جاری ہے ” میں کہا ہے کہ پاکستان میں روایتی بینکنگ کی بجائے اسلامک بینکنگ کا شعبہ زیادہ منافع بخش ہے اور قرضہ جات کی فراہمی بھی کہیں بہتر ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ دس سالوں میں اسلامی بینکاری کے شعبہ کی اوسط سالانہ شرح نمو 24فیصد رہی ہے جبکہ معاشی سست روی کے باوجود سال 2021ء کے دوران شعبہ کی شرح ترقی 30.6فیصد رہی ہے۔موڈیز نے کہا ہے کہ 2026ء تک روایتی بینکاری کے مقابلہ میں اسلامک بینکنگ کے شعبہ کے اثاثہ جات اور ڈیپازٹس بینکنگ کی مجموعی صنعت میں 30فیصد جبکہ قرضوں کی فراہمی میں حصہ 33فیصد تک بڑھ جائے گا۔ واضح رہے کہ موڈیز نے کہا ہے کہ قبل ازیں ہم نے سال 2021ء تا 2026ء میں اسلامی بینکاری کے شعبہ کے اثاثہ جات اور ڈیپازٹس کا مجموعی بینکنگ صنعت میں حصہ کا تخمینہ 25تا 28فیصد تک لگایا تھا اور توقع ظاہر کی تھی کہ اس دوران شعبہ کا قرضہ جات کی فراہمی میں حصہ 20فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے۔