مزید خبریں

فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے 19000عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے

مکہ مکرمہ (اے پی پی) فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سرکاری اسکیم کے تحت اب تک مجموعی طور پر19000 عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے ہیں، حج سے قبل فلائٹ آپریشن کے دوسرے مرحلے کے تحت براہ راست جدہ کے لیے پروازیں شروع ہوگئی ہیں،2 ہزار عازمین نے مکہ مکرمہ پہنچ کر عمرہ کی سعادت حاصل کی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق مدینہ منورہ میں8 دن قیام مکمل کرنے والے6 ہزار سے زائد عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچا دیا گیا ہے۔16 جون سے براہ راست جدہ کے لیے شروع ہونے والی پروازوں کے ذریعے2 ہزار سے زائد عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں۔ گزشتہ روز مزید 5 پروازوں کے ذریعے17 سو عازمینِ حج جدہ ائرپورٹ پہنچے۔ نجی حج اسکیم کے تحت2 سو عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ 275 افراد پر مشتمل طبی عملہ، معاونین اور مذہبی امور کے اہلکار مکہ مکرمہ، مدینہ اور جدہ میں انتظامی امور میں مصروف ہیں۔