مزید خبریں

Jamaat e islami

بی جے پی ترجمان کو سزا ملنے تک مسلمان خاموش نہیں بیٹھیں گے‘ حافظ ادریس

لاہور( نمائندہ جسارت) مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ نبیؐ مہربان کی حرمت پر ہر مسلمان کٹ مرنے کو تیار ہے۔ گستاخِ رسول بی جے پی کی ترجمان ملعونہ کو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انسانیت کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کی پیروی میں ہے۔ سودی معیشت لوگوں کی بربادی کانظام، اللہ اور اس کے رسولؐ کے ساتھ کھلی جنگ ہے۔ اسلامی دنیا کے حکمران طاغوتی نظام کے بجائے قرآن و سنت کے نظام پر عمل کریں، اسی میں انسانیت کی فلاح ہے۔ مقبوضہ کشمیر سمیت پورے ہندوستان میں مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، ان کا جینا مشکل بنا دیا گیا۔ بی جے پی کے غنڈے سرعام مسلمانوں پر تشدد اور انھیں شہید کر رہے ہیں،املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں ،قانون نام کی کوئی چیز نہیں۔ بھارتی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر اقوام متحدہ کی خاموشی مجرمانہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ مسجد منصورہ میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ ادریس نے کہا کہ مسلمانوں کے علاوہ اگر کسی اور بھی یہی ظلم و تشدد ہوتا تو پوری دنیا میں اس کا واویلا اور بی جے پی غنڈوں کو نکیل ڈالنے کی دھائی دی جاتی۔ مسلم ممالک میں اتحاد و اتفاق سے ہی عزت اور قوت حاصل ہو گی، ٹکڑوں میں تقسیم ہونے کی وجہ سے اسلام دشمن قوتیں اپنی من مانیاں کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ نے عوام کو مزید مفلسی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ روٹی کے چند نوالے حاصل کرنامحال ہو گئے ہیں۔ حکمران عوام کی بددعائوں سے بچیں، اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے۔ حکومتی وزرا کہتے ہیں کہ روٹی کم کھائیں، چائے کا ایک کپ کم پئیں۔ وزرا اپنے پروٹوکول اور سیکیورٹی کو دیکھیں کتنی گاڑیاں ساتھ چل رہی ہیں، عوام کا پیسہ بے دردی سے بہایا جا رہا ہے اس کا حساب کون دے گا۔ عوام نے دیکھ لیا کہ حکمران اپنے مفادا ت کے لیے ایک ہیں۔ چہرے بدلنے سے نہیں نظام بدلنے سے ہی ملک اور عوام خوشحال ہوں گے۔