مزید خبریں

عمران خان ،اعجازالحق مقتدر حلقوں سے بہترتعلقات کیلیے کوشش پر متفق

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک +صباح نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے مسلم لیگ (ضیاالحق ) کے سربراہ محمد اعجاز الحق نے بنی گالہ میں ملاقات کی ہے۔ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی اور مہنگائی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ضمنی انتخابات،حکومت اور آئی ایم ایف کے معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مقتدر حلقوں کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے کوشش کی جائے گی جب کہ آئندہ الیکشن میں دھاندلی کے کسی بھی منصوبے کو ناکام بنایا جائے گا۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ میرے دل میں افواج پاکستان کی بہت عزت ہے، موجودہ بحران کاواحد حل فوری صاف و شفاف الیکشن ہیں، جتنے جلدی نئے انتخابات ہو جائیں گے ملک اس دلدل سے نکل آئے گا، ڈالر، پیٹرول اور بجلی سمیت ہر چیز اب عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس چکے ہیں۔علاوہ ازیں عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی ،معاشی اور کشمیر کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے عمران خان نے شہباز حکومت کی بھارت سے تجارتی تعلقات بحالی کو کشمیر دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی بھارت سے تعلقات بحالی کے اقدامات کشمیریوں کے خون سے غداری کے مترادف ہیں، بھارت میں اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم ہورہا ہے،مودی فاشسٹ سرکار مسلمانوں کی نسل کشی کررہی ہے۔