مزید خبریں

36 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ،مہنگائی 27.82 فیصد ہوگئی،ادارہ شماریات

اسلام آباد(صباح نیوز)رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں تاریخی نوعیت کا اضافہ ، مہنگائی میں ایک ہفتے کے دوران 3.38 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مہنگائی کی سالانہ شرح 27.82 فیصد تک پہنچ گئی، ایک ہفتے کے دوران 36 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جمعہ کے روز ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کیے گئے، جس کے مطابق مہنگائی میں ایک ہفتے کے دوران 3.38 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سالانہ شرح 27.82 فیصد تک پہنچ گئی، ایک ہفتے کے دوران 36 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک ہفتے میں ڈیزل کی قیمت میں 28.91فیصد، پیٹرول11.43 اور بجلی 6.63 فیصد مہنگی ہوئی،کھانے پینے کی اشیا کی بات کی جائے تو چکن کی قیمت میں12.10 فیصد، آلو 6.89، پکی ہوئی دال 5.90 فیصد ،چنے کی دال 5.29 فیصد اور بڑے گوشت کی قیمت میں 5.19 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ ہفتہ وار اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 6 اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اس دوران9 اشیا کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔ ایک ہفتے میں پیاز 5.20 فیصد، آٹا 2.19 اور ایل پی جی 1.32 فیصد سستی ہوئی۔ اگر سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار دیکھے جائیں تو ایک سال میں پیاز 135 فیصد، ڈیزل 132، ٹماٹر 119 فیصد مہنگے ہوئے، ایک سال میں پیٹرول 110 فیصد، گھی 81، خوردنی تیل 71 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ دال مسور74.77 فیصد، اور ایل پی جی 60.97فیصد مہنگی ہوئی، اسی طرح ایک سال میں لہسن 57.72 فیصد، چکن 51 اور چپل 52 فیصد مہنگے ہوئے۔ اس ایک سال میں سرخ مرچ 43 فیصد ،دال مونگ 18 اور چینی 10.79 فیصد سستی ہوئی۔