مزید خبریں

عدالت عظمیٰ: پی ٹی آئی وکیل سے نئی حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن طلب

اسلام آباد (صباح نیوز) عدالت عظمیٰ نے عام انتخابات کیلیے نئی حلقہ بندیوں کے خلاف دائر درخواست پر درخواست گزار پاکستان تحریک انصاف کے وکیل کو نئی حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن اور 25ویں آئینی ترمیم پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی، عدالت کا کہنا تھا کہ نوٹیفکیشن کے بغیر ہوا میں الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری نہیں کرسکتے۔ پی ٹی آئی کی درخواست پر جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، عدالت نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ وہ نوٹی فکیشن کہاں ہے جس کی بنیاد پر نئی حلقہ بندیاں کی جارہی ہیں؟ جواب میں پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں کا شیڈول پیپربک میں لگایا ہے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ شیڈول کسی قانونی نوٹیفکیشن کے بعد ہی جاری ہوتا ہے، وہ نوٹیفکیشن کہاں ہے؟ تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہی حلقہ بندیوں کے نوٹیفکیشن سے متعلق بہتر بتا سکتا ہے، عدالت الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردے، اگلی سماعت پر نوٹیفکیشن پیش کردیں گے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ نوٹیفکیشن کے بغیر ہوا میں الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری نہیں کرسکتے۔