مزید خبریں

حکومت اقتدار بچانے کیلیے عوام کو زندہ دفن کرنے پر تلی ہے ، جاوید میمن

 

 

سکھر(نمائندہ جسارت) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ حکومت نے ایک مرتبہ پھر پیٹرول 24 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 59 روپے فی لیٹر کا ہوشربا اضافہ کر کے 20 روز کے دوران مسلسل تیسری مرتبہ پیٹرول بم گراکر غریب عوام کو خودکشیاں کرنے پر مجبور کر دیا ہے، حکومت آئی ایم ایف کی ایما پر اپنا اقتدار بچانے کی خاطر غریب عوام کو زندہ دفن کرنے پر تلی ہوئی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملکی معیشت تباہی کے دھانے پر پہنچ جائے گی، غربت، مہنگائی، بیروزگاری میں مزید اضافہ ہو جائے گا جس سے غریب عوام کا گزر سفر مشکل سے مشکل ہو جائے گا، حکمران اپنی عیاشیوں کا تمام تر بوجہ غریب عوام پر ڈال رہے ہیں،حکومت فوری طور پراپنے شاہانہ اخراجات کو کم کر کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیکر غربت، مہنگائی، بیروزگاری کے خاتمے کیلیے اقدامات اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے تاجر سیکرٹریٹ گولڈ سینٹر صرافہ بازار میں سکھر اسمال ٹریڈرز کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں حاجی غلام شبیر بھٹو، حاجی عبدالستار راجپوت، حاجی رئیس قریشی، عبدالقادر شیوانی، شکیل قریشی، حافظ محمد شریف ڈاڈا،بابو فاروقی، محمد منیر میمن، عبدالباری انصاری، محمد کاشف شمسی، اعظم خان، محبوب صدیقی،طارق علی میرانی، ایاز ابڑو، لالہ محب، محمد شاہ، ڈاکٹر سعید اعوان، امداد جھنڈیر، محمد عامر سجاد، فخر الدین عباسی، معراج وارثی،راشد خان، ذاکر خان راشد صدیقیاور صداقت خان ودیگرنے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا مزیدکہنا تھا کہ موجودہ حکومت جب اپوزیشن میں تھی تو 10 روپے فی لیٹر پیٹرول کے اضافے پر بھی لانگ مارچ کے اعلانات کر رہی تھی اور اب خود اقتدار میں آتے ہیں پیٹرولیم مصنوعات میں ہوشربا اضافہ کر کے غریب عوام پر مہنگائی کے پہاڑ گرا رہی ہے۔ حکومت کے اس طرح کے ظالمانہ اقدامات سے مہنگائی، بیروزگاری، غربت کی ماری عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہونگی۔ حکومت فوری طور پر پیٹرول کی قیمتوں میں کیے گئے اضافے کو واپس لیکر مہنگائی کی چکی میں پستی عوام کو ریلیف فراہم کرے بصورت دیگر عوام سڑکوں پر نکل آئیگی اور حکومت کا بھی اقتدار میں رہنا مشکل ہو جائے گا۔