مزید خبریں

حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتی تو فوری الیکشن کروائے

 

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے حکومت کے 18 دن میں عوام پر تیسرے پیٹرول بم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تین ہفتوں میں 84 روپے پیٹرول کی قیمت میں ظالمانہ اضافے کو نہیں مانتے اور مسترد کرتے ہیں۔ اتحادیوں کی حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتی تو فوری الیکشن کروائے۔ نااہل حکمرانوں نے دو مہینوں میں ملکی کی تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی کردی ہے اورآئی ایم ایف سے قرضوں کے حصول کی خاطر ملک و قوم کا سودا کرلیا ہے۔ آئی ایم ایف ہی بجلی اورپیٹرول کی قیمتوں کا تعین کررہی ہے اورہمارے حکمران کٹھ پتلی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ڈالر روزانہ کی بنیاد پر مہنگا ہورہا ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے۔حکومت نے مزدور کی 25ہزار روپے ماہانہ تو کردی لیکن قیامت خیز مہنگائی میں اس میں تنخواہ میں گزارہ کیسے کرنا ہے یہ نہیں بتایا۔ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے عام آدمی اور دہاڑی دار لوگوں کی زندگی شدید مشکلات کا شکار ہوکررہ گئی ہے، آٹا، چینی، دالیں، گھی سمیت دیگر تمام اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے ۔ بازاروں میں مارکٹیوں میں ہر چیز کے دوگناہ ریٹ وصول کیے جارہے ہیں، وجہ پوچھی جائے تو پیٹرول کی قیمت کا بتا کر خاموش کروا دیا جاتا ہے۔ایسی صورتحال میں مزید پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کانہ رکنے والے طوفان برپا ہوگاجو لوگوں کو معاشی طور پر مکمل مفلوج کردے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ ملتان چونگی پرجماعت اسلامی غربی لاہور کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر شدید نعرے بازی کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو واپس لیا جائے۔ احتجاجی مظاہرے میں امیر غربی لاہور عبدالعزیز عابد کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اتنی مہنگائی کردی ہے کہ عوام کی کمر توڑ دی ہے، غریب اور مزدور بچارہ بھوک اور فاقوں پر مجبور ہوگیا ہے۔ دووقت کی روٹی کمانا مشکل ہوگیا، پیٹرول کی وجہ سے ہر چیز مہنگائی ہوگئی ہے، ٹرانسپورٹ کے کرایے، سبزیاں، دالیں، گھی، گوشت تمام اشیاء ضروریہ جو روزانہ کی بنیاد پر گھروں میں استعمال ہوتی ہیں اور جن کا تعلق براہ راست روز مرہ کی زندگی سے ان میں بے تحاشہ اضافہ ہوچکا ہے، غریب کی تنخواہ اور دیہاڑی اتنی ہی ہے اس کا گزار بسر ہوسکے۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں کمی کاا علان کرے ورنہ عوام کو منظم کریں گے اور احتجاج کا دائرکار بڑھائیں گے۔