مزید خبریں

واپڈا میں خواتین ملازمین کو بلیک میل نہ کیا جائے،عبدالطیف

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)خواتین کارکنان کسی بھی ادارے میں ہوں ان کی حیثیت اب مسلمہ بن چکی ہے کیونکہ وہ ہماری آبادی کا نصف ہیں اور عالمی قوانین کے تحت ہر شعبہ زندگی میں ان کو نمایاں مقام اور رکنیت لازمی قرار پا چکی ہے یہی وجہ ہے کہ ہم نے یونین میں خواتین نمائندگی کو بھی آگے لارہے ہیں ان کے لیے نئے یونٹ بنا رہے ہیں تاکہ ان کی زیادہ سے زیادہ نمائندگی ہو اور ادارے میں موجود خواتین کے مسائل خواتین کے توسط سے ہی حل ہوسکیں۔ آج کی یہ تقریب خواتین بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس میں خواتین نمائندگان و کارکنان کثیر تعداد میں موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے لیبر ہال حیدرآباد میں واپڈا کے مختلف شعبوں ، حیسکو ، این ٹی ڈی سی و دیگر سے تعلق رکھنے والی خواتین کارکنان و نمائندگان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یونین کے صوبائی جنرل سیکرٹری اقبال احمد خان ، صوبائی میڈیا کوآڈینیٹر محمد حنیف خان ، شعبہ خواتین کی انچارج ثروت جہاں، ناہید اختر ، قراۃ العین ، ثمینہ بھی موجود تھیں۔ اجلاس میں خواتین کو محکمے میں موجود مسائل کو پیش کیا گیا جس میں بتایا کہ خواتین کو دفاتر میں الگ واش روم اور کامن روم فراہم کیاجائے جہاں صفائی ستھرائی کا مناسب انتظام ہو ایسا ماحول ہو جہاں مرد حضرات سگریٹ نوشی اور مغلظات نہ کریں، علیحدہ سے جائے نماز، شیر خوار بچوں کی مائوں کو نرسری کی سہولت حاصل ہو ، افسران کا رویہ ہتک آمیز نہ ہو بلکہ شائستگی کا ماحول ہو انہیں ہراسمنٹ کسی بھی شکل میں نہ کیا جائے، خواتین کو جبری بدلی کی دھمکی دیکر بلیک میل نہ کیا جائے ، اوقات کار سے زائد کام کرنے والی خواتین کو قانون کے مطابق اوور ٹائم اور آف ڈیز دیے جائیں ، دفتری سامان ، اسٹیشنری فراہم کی جائے، پک اینڈ ڈراپ کی سہولت دی جائے ان تمام نکات پر صدر یونین نے انہیں یقین دلایا کہ آپ کے نکات اہم اور قابل عمل ہیں یونین ان مسائل پر حیسکو ودیگر انتظامیہ سے رابطہ کرکے انہیں حل کرائے گی کیونکہ ہمارے مذہب اور معاشرے میں خواتین کو بڑی اہمیت ہے لہذا ہمارا بھی اخلاقی ، اسلامی فریضہ ہے کہ خواتین کو عزت دیں اور ان کے مسائل کو فوقیت دیں۔