مزید خبریں

چینی باشندوں کو اپنی نقل و حرکت سے متعلق پولیس کو آگاہ کرنے کی ہدایت

اسلام آباد ( آن لائن )اسلام آباد میں موجود چینی باشندوں کو ہدایات کی گئی ہے کہ وہ شہر میں کہیں بھی آنے جانے سے قبل پولیس کو آگاہ کریں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ دارالحکومت میں مقیم غیر ملکی باشندوں باالخصوص چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے حال ہی میں تشکیل دیے گئے ڈسٹرکٹ فارن سیکورٹی سیل کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ دارالحکومت پولیس کے عہدیداروں نے میڈیا کوبتایا کہ اجلاس کے دوران دارالحکومت میں مقیم چینی باشندوں کی تفصیلات پر مبنی سروے رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ عہدیدار نے بتایا کہ اسلام آباد میں اس وقت ایک ہزار چینی باشندے مقیم ہیں جو تین درجن منصوبوں سمیت کاروبار اور کمپنیوں سے منسلک ہیں۔عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک) منصوبے سے منسلک چینی شہریوں کو سیکورٹی فورسز اور نیم فوجی دستے سیکورٹی کور فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک ہزار سے زائد چینی باشندوں کی نقل و حرکت کے دوران متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز، سیکیورٹی ڈویژن یا پیٹرولنگ یونٹ ان کو تحفظ فراہم کرے گا جس کے لیے ایس ایچ اوز کو ان کی تفصیلات بھی جمع کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایس ایچ اوز چینی باشندوں کی رہائش گاہوں کے ارد گرد گشت پر مامور عملے کی تعیناتی کو یقینی بنائیں گے اور سیکورٹی گارڈز کی تفصیلات کی جانچ اور تصدیق کریں گے۔علاوہ ازیں چینی شہریوں کی رہائش گاہوں کے ارد گرد اور ان کے گھروں کو جانے والی سڑکوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔عہدیدار نے مزید کہا کہ ڈی آئی جی آپریشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ جہاں چینی باشندے رہائش پذیر ہیں وہ ان علاقوں کا دورہ کریں اور سیکورٹی آڈٹ رپورٹ تیار کریں تا کہ سیکورٹی میں کسی بھی خامی کو دور کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ سیف سٹی اور پولیس فیسیلیٹیشن پر ایک ڈیسک بھی قائم کیا جا رہا ہے۔