مزید خبریں

ضمنی انتخاب میں دھاندلی‘ہنگامہ آرائی ‘سندھ حکومت کی ناکامی قرار

 

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے این اے 240 کے ضمنی انتخاب میں بدترین دھاندلی، فائرنگ،ہنگامہ آرائی،بیلٹ باکس چرانے کی وارداتوں کو الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سردار رحیم نے ضمنی انتخاب کے نتائج مسترد کرتے ہوے سوال کیا کہ جو حکومت ایک حلقے کا انتخاب پر امن طریقے سے نہیں کراسکتی وہ پورے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کیسے کروائے گی؟۔ایک بیان میں سردار عبدالرحیم نے کہا کہ این اے 240 پر ہونے والے ضمنی انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن اور دیگر اداروں کو دھاندلی سے متعلق درخواستیں جمع کرائی تھیں مگر اداروں کے کانوں پے جوں تک نہیں رینگی،سندھ حکومت کی نااہلی سے لانڈی،کورنگی اور دیگر علاقوں میں پرتشدد ہنگامے پھوٹ پڑے،پولنگ عملے کو یرغمال بناکر بیلٹ باکس اور بیلٹ پیپرز چوری کیے گئے۔ سردار عبدالرحیم نے چیف الیکشن کمشنر ،اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج کو منسوخ کرکے دوبارہ فوج کی نگرانی میں انتخاب کرایاجائے۔