مزید خبریں

حیدرآباد میں کاروبار زبردستی 8 بجے بند کروایا جارہا ہے،الطاف میمن

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن کی زیر صدارت اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں حیسکو چیف نور احمد سومرو، ڈی آئی جی پیر محمد شاہ، ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو، صدر چیمبر آف کامرس عدیل صدیقی اور محمد اکرم انصاری بھی موجود تھے۔ صدر چیمبر الطاف میمن نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ رات 8 بجے بازار بند کرنے کا نوٹیفیکیشن ابھی تک حکومت نے جاری نہیں کیا اور پورے پاکستان کے شہروں میں بازار رات کو بھی کھلے ہوئے ہیں۔ لیکن صرف حیدرآباد میں زبردستی بازار رات 8 بجے بند کرائے جارہے ہیں اُس کے باوجود لوڈشیڈنگ میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔ ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ہفتے کہ روز حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کا وفد حیسکو چیف سے ملاقات کر کے تجارتی مراکز میں لوڈشیڈنگ کے اوقات حیسکو کے ساتھ مل کر طے کرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ بیکری اور میڈیکل اسٹورز رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے اور جو میڈیکل اسٹورز اسپتالوں کے اندر ہیں وہ 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ حیسکو چیف نے صدر چیمبر کو یقین دہانی کرائی کہ تجارتی مراکز میں شام 4 بجے سے رات 8 بجے تک لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے اور باقی جو مسائل ہیں وہ ہفتے کے روز چیمبر کے وفد سے ملاقات میں طے کیے جائیں گے۔