مزید خبریں

حلال فوڈ میں پاکستان کا حصہ بڑھانے کی ضرورت ہے ، ترجمان فیڈ مک

فیصل آباد (کامرس ڈیسک) اس وقت عالمی حلال مارکیٹ کا حجم 2 ٹریلین ڈالر ہے جو 2024 میں بڑھ کر 12.14 ٹریلین ڈالر ہو جا ئے گا مگر بدقسمتی سے اس وقت تک کوئی بھی مسلمان ملک دنیا کے 10 بڑے حلال فوڈ ایکسپورٹرز میں شامل نہیں اور اس شعبہ میں پاکستان کا حصہ بھی صرف 0.25 فیصد ہے اس لیے جہاں حکومت کو عالمی حلال فوڈ میں پاکستان کا حصہ بڑھانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے وہیں فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی بھی اس میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔فیصل آبادانڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ حکومت کو حلال مصنوعات کی تیاری پر توجہ دینی اور حلال مصنوعات کی ترویج نئے مالی سال کے بجٹ کا ترجیحی ایجنڈا ہونا چاہیے کیونکہ اس سے زوال پذیر برآمدات کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چونکہ حلال گوشت برآمد کرنے والے پہلے دس ملکوں میں کوئی بھی اسلامی ملک شامل نہیں ہے اس لیے عالمی سطح پر پاکستان سے حلال گوشت کی ایکسپورٹس میں اضافے کی بڑی گنجائش موجود ہے جس کے لیے فیڈمک بھی بھرپور تعاون کر نے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ معاشی مسائل سے نکالنے کے لیے تاجر برادری حکومت کی معاشی پالیسیوں کی مکمل حمایت کرے گی۔ انہوں نے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کے احیاکے لیے حکومتی کوششوں کو سراہا اور برآمدات کے حجم میں اضافہ کے لیے صنعتوں کو مراعات دینے کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے زیادہ فنڈز مختص کیے ہیں جو قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے مخلصانہ کوششوں کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے قومی معیشت کی ترقی کے لیے مثبت اقدامات اٹھائے ہیں اور صنعتی شعبے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا گیا ہے۔ انہوں نے تعلیم، زراعت اور دیگر شعبوں میں زیادہ فنڈ مختص کرنے کا خیر مقدم کیا۔