مزید خبریں

پرتشدد واقعات کیخلاف صحافیوں کا قومی اسمبلی اجلاس کا واک آؤٹ

اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کے اجلاس میں ملک بھر میں صحافیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کے خلاف پریس گیلری سے صحافیوں نے واک آؤٹ کیا۔ وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی صحافیوں کو منانے کے لیے پہنچ گئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں یہ معاملہ وزارت اطلاعات کی کمیٹی کو بھیجا جائے‘ صحافیوں کے ساتھ جو واقعات پیش آئے ہیں ان پر سخت تشویش ہے،حکومت اس حوالے سے سخت ایکشن لے ۔ پیپلز پارٹی کے رکن ڈاکٹر مہیش کمار نے بھارت میں نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخانہ الفاظ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اس کا نوٹس لے، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جاتا ہے اس کے مقابلے میں پاکستان میں مکمل بین المذاہب ہم آہنگی ہے‘ ہم غیر مسلم ہیں، لیکن نبی کریمؐ کی عزت کرتے ہیں ۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایوان میں وزرا اور ارکان کی عدم موجودگی پر وفاقی وزیر خورشید شاہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممبران ایوان میں آئیں تو ہائوس چلائیں ورنہ سب گھر جائیں اور الیکشن کرائیں، اچھا بجٹ ہونے کے باوجود ارکان کیوں تقاریر نہیں کر رہے؟ یہ طریقہ رہا تو ایوان میں ہم بھی نہیں آئیں گے،خورشید شاہ کی دھمکی پر اسپیکر راجا پرویز اشرف نے اجلاس کی کارروائی 30 منٹ کے لیے معطل کردی۔