مزید خبریں

Jamaat e islami

کراچی وحیدرآباد بلدیاتی انتخابات:25ہزار امیدواروں کے کاغذات جمع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدر آباد ڈویژنز کے16 اضلاع کی5 ہزار سے زائد بلدیاتی نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کاعمل بدھ کو مکمل ہوگیا ہے اور رات گئے تک مختلف ذرائع سے ملنے والے اعداد وشمارکے مطابق25 ہزار سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، جن میں سے کراچی میں تقریباً 12ہزار سے زاید امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے، دوسرے مرحلے کی پولنگ24 جولائی کو ہوگی اور ایک کروڑ 43 لاکھ 74 ہزار 807 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن کے لیے9848 پولنگ اسٹیشن اور 35957 پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے، جبکہ81162 افراد پر مشتمل انتخابی عملہ تعینات ہوگا اور3 کروڑ30 لاکھ بیلٹ پیپرز استعمال ہونے کا امکان ہے۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدر آباد ڈویژن کے16 اضلاع میں پولنگ ہوگی‘ کراچی کے 7 اضلاع میں ضلع شرقی،ضلع غربی، ضلع جنوبی، ضلع وسطی، ضلع کورنگی، ضلع کیماڑی اور ضلع ملیر اور حیدر آباد ڈویژن کے 9 اضلاع ضلع حیدر آباد، ضلع دادو، ضلع جامشورو، ضلع مٹیاری، ضلع ٹنڈو محمد خان، ضلع ٹنڈو الہیار، ضلع بدین، ضلع سجاول اور ضلع ٹھٹھہ شامل ہیں۔ ان اضلاع کی یونین کمیٹیوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین، یوسی وارڈ جنرل کونسلرز، میونسپل کمیٹیوں اور ٹاؤن کمیٹیوں کے 5 ہزار 143 بلدیاتی نمائندوں کا انتخاب ہوگا۔ رات گئے تک ملنے والے اعداد وشمار کے مطابق کراچی کے7 اضلاع کی246 یونین کمیٹیوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین (مشترکہ کاغذات میں ایک نشست شمار) اور وارڈ کونسلر ز کی1230 نشستوں کے لیے مجموعی طور پر تقریباً 12 ہزار کاغذات جمع کرائے گئے ہیں۔ انتخابی شیڈول کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی فہرست 16 جون کو (آج)جاری ہوگی، جبکہ17 سے19 جون تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی، کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور کرنے کے خلاف20 سے 22 جون تک اپیلیں کی جاسکیں گی اور 27 جون کو نظرثانی فہرستیں آویزاں ہوںگی، جبکہ 28 جون کو کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکیں گے اور29 جون کو انتخابی نشانات الاٹ ہونگے۔ 24 جولائی کو بلدیاتی پولنگ ہوگی اور28 جولائی کو انتخابی نتائج جاری کیے جائیں گے۔