مزید خبریں

Jamaat e islami

ڈالر 208 روپے پہنچ گیا،سونا مزید 550 روپے مہنگا

کراچی ( بزنس رپورٹر )ڈالر 208روپے پر پہنچ گیا‘ سونا مزید 550 روپے مہنگا ۔ملک میں ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری، نئی تاریخی بلندی پر پہنچ گیا۔انٹربینک میں ڈالر ایک روپیہ 30 پیسے اضافے سے 206 روپے 46 پیسے کا ہوگیا ہے۔ یہ انٹربینک میں ڈالر کی بلند ترین قیمت ہے۔ اس کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 208 روپے ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں گزشتہ روزایک روپیہ 50 پیسے اضافہ ہوا ہے۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام میں تاخیر اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے جاری اجلاس کے باعث ڈالر کے مقابلے روپیہ دباؤ میں ہے۔چیئرمین فاریکس ایسوسی ایشن ملک بوستان نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈیل میں تاخیر پاکستانی روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں روز گھٹا رہی ہے جبکہ چین نے بھی اب تک صرف قرضہ ری شیڈول کرنے کی زبانی یقین دہانی کرائی ہے۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق چین نے اب تک قرض ری شیڈول کرنے کے حوالے سے تحریری طور پر کچھ نہیں بتایا جس کی وجہ سے روپے پر دباؤ ہے اور 30 جون تک ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے تاہم امید ہے کہ اگر پاکستان، ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل گیا تو پاکستان کی ریٹنگ بہتر ہوگی جس کے اثرات روپے کی قیمت میں استحکام لائیں گے۔علاوہ ازیں ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونا مہنگا ہو کر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ۔عالمی مارکیٹ میں 11ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا1833ڈالر ہو گیا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونا مہنگا ہو گیا ۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 550روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت1لاکھ43ہزار روپے ہو گئی اسی طرح 470روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ22ہزار600روپے ہو گئی ۔