مزید خبریں

توانائی بحران پر قابو پانے کیلیے دن کی روشنی میں کام کیا جائے ، لاہور چیمبر

لاہور (کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا ہے کہ توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششیں اہم ہیں، یہ بہت اچھی بات ہے کہ کاروباری برادری کو صورتحال کی نزاکت کا احساس ہے اور وہ توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت کو مددکرنے کو تیا رہے۔ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ اس وقت ملک کو توانائی کے بحران کا سامنا ہے جس سے تمام شعبوں کو نقصان پہنچ رہا ہے، ایک ایسا ملک جو بجلی کا بڑا حصہ درآمدی تیل سے پیدا کررہا ہو اور جہاں شارٹ فال تقریبا ًپانچ ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا ہو وہ بڑے پیمانے پر بجلی کی کھپت کا متحمل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ کاروبار کے لیے دن کی روشنی کے استعمال سے نہ صرف توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ آسمان سے چھوتے یوٹیلٹی بلز کو بھی کم کیا جاسکے گا، یہ بہت اچھی علامت ہے کہ تاجر برادری بجلی کے بحران سے آگاہ اور حکومت سے تعاون کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ سولر سمیت توانائی کے متبادل ذرائع اپنائیں جس سے انہیں کاروباری لاگت کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا پاکستان قابل تجدید توانائی کے وسائل سے مالامال ہے اس لیے اس شعبہ کو فروغ دیا جائے۔