مزید خبریں

اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کیخلاف کیس کی سماعت ملتوی

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کے خلاف دائر درخواست پرسماعت 27جون تک ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر الیکشن کمیشن ، وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت دیگر متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ جسٹس شجاعت علی خان نے منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا۔دوران سماعت سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ متعلقہ اداروں کو اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی ہدایات جاری کررکھی ہیں ، الیکٹرونک ووٹنگ مشین تیار کرلی ہے اور اس پروجیکٹ میں فنڈ درکار ہیں ، ہم جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پروجیکٹ لانا چاہتے ہیں۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اب معاہدہ جلد ہونے والا ہے اور کام شروع ہوچکا ہے ، حکومت نے اسمبلی سے بل منظور کیا ہے جو اس وقت صدر پاکستان کے پاس منظوری کے لیے پڑا ہے اور اس کی حتمی منظوری کے بعد عدالت کو باقاعدہ آگاہ کیا جائے گا۔سرکاری وکیل نے مزید پیش رفت کے لیے عدالت سے مہلت کی استدعا کی عدالت نے استدعا منظورکرتے ہوئے سماعت 27 جون تک ملتوی کردی۔