مزید خبریں

پاک فضائیہ کے سربراہ کی ارجنٹائنی ہم منصب سے ملاقات‘اہم امور پر گفتگو

اسلام آباد (اے پی پی)ارجنٹینا کی مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل جوآن مارٹن پیلیو نے سربراہ پاک فضائیہ ائر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور حالیہ برسوں میں خود انحصاری کی طرف گامزن پاک فضائیہ کی کامیابیوں کا اعتراف بھی کیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائرچیف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے پاک فضائیہ اور ارجنٹائن فضائیہ کے مابین موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ دونوں معززین نے تربیت اورخود انحصاری سمیت دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ دلچسپی اور علاقائی سلامتی کے مختلف امور پربھی تبادلہ خیال ہوا۔علاوہ ازیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ارجنٹائن کی مسلح افواج کے چیف آف دی جوائنٹ اسٹاف لیفٹننٹ جنرل جوآن مارٹن پیلو نے ملاقات کی۔ جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون کے امور بشمول سیکورٹی، فوجی تبادلوں، تربیت اور موجودہ علاقائی ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پا ک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق ارجنٹائن اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کا اعادہ کیا۔قبل ازیں جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے ٹینینٹ جنرل جوآن مارٹن پیلو کو سلامی پیش کی ۔