مزید خبریں

مقبوضہ کشمیر ،قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید2 نوجوان شہید

سری نگر (آن لائن/ صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوج نے دونوں نوجوانوں کو سری نگر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوج کی جانب سے تلاشی کی آڑ میں گھروں پر دھاوے، توڑ پھوڑ اور کشمیریوں پر تشدد کی کارروائیاں جاری ہیں۔ علاوہ ازیں بھارتی حکومت نے جماعت اسلامی مقبوضہ جموں وکشمیر سے وابستہ ’’فلاح عام ٹرسٹ‘‘ کے زیر انتظام چلنے والے 300 سے زاید اسکولوں کو بند کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق جموں وکشمیر کے اسکول ایجوکیشن سیکرٹری بی کے سنگھ نے اسکولوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان تعلیمی اداروں کو15 دنوں کے اندر سیل کرنے اور زیر تعلیم طلبہ و طالبات کو قریبی سرکاری اسکولوں میں داخلے کا حکم دیا ہے۔ قابض حکام نے الزام لگایا کہ جماعت اسلامی زیادہ تر فلاح عام ٹرسٹ کے زیر انتظام اسکولوں ، مدارس ، یتیم خانوں ، مساجد کے منبروں اور دیگر فلاحی اداروں کے وسیع نیٹ ورک سے اپنا مالی نظام چلاتی ہے اور اس طرح کے اداروں نے 2008ء، 2010ء اور 2016ء کی عوامی احتجاجی تحریکوں میں کردار ادا کیا تھا۔