مزید خبریں

پنجاب کا بجٹ دوسرے روز بھی پیش نہ کیا جاسکا ،اجلاس ایوان اقبال میں آج طلب

لاہور( نمائندہ جسارت+مانیٹر نگ ڈ یسک )پنجاب اسمبلی میں صوبائی بجٹ منگل کو دوسرے روز بھی پیش نہ کیا جاسکا، اسپیکر پرویز الٰہی اور اپوزیشن ارکان اپنے مطالبے پر قائم رہے اور حکومت اپنے مؤقف پر ڈٹی رہی جس کے بعد اجلاس ملتوی کردیا گیا۔دن بھر اپوزیشن اور حکومت کے درمیان بات چیت کی خبریں آتی رہیں، پھر یہ خبر آئی تھی کہ پی ٹی آئی ارکان اجلاس میں شرکت کے لیے تیار ہیں اور اجلاس کچھ دیر میں شروع ہوجائے گا۔اسی دوران گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے پنجاب اسمبلی کا جاری 40 واں اجلاس منسوخ کردیا اور پنجاب اسمبلی کا 41واں اجلاس (آج ) بدھ کو ایوان اقبال میں دن 3بجے طلب کرلیاتاہم اسی اثناء میں پنجاب اسمبلی کا 40 واں اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی نے شروع کردیا تاہم کچھ دیر بعد انہوں نے اجلاس اگلے روز دوپہر ایک بجے تک ملتوی کردیا۔اب سوال یہ ہے کہ آج اجلاس پنجاب اسمبلی میں دوپہر ایک بجے ہوگا یا ایوان اقبال میں دوپہر 3 بجے؟اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ گورنر کی طرف سے ایوان اقبال میں بلائے گئے اجلاس کی کوئی آئینی حیثیت نہیں، اپوزیشن آج اسپیکر کی زیر صدرات اجلاس میں شریک ہو گی، گورنر، اسپیکر کی موجودگی میں ایوان اقبال میں اجلاس طلب نہیں کر سکتے۔خیال رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے آئی جی پنجاب سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔