مزید خبریں

پری مون سون بارشیں آج سے شروع ہونگی‘ اربن فلڈنگ کا خدشہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ موسمیات نے آج شام سے پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں آج شام سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، 17 جون کو راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، گوجرانوالا، سیالکوٹ، لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے جس کے باعث راولپنڈی اور لاہور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ تیز ہوائوں اور بارش کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی املاک کو نقصان پہنچنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کے نئے سلسلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے حالیہ گرمی کی لہر میں کمی جبکہ فصلوں، سبزیوں اور باغات کو پانی کی دستیابی میں بہتری کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق 15 تا 23 جون کشمیر کے علاقوں بھمبر، کوٹلی، میرپور، پونچھ، باغ، حویلی، ہٹیاں، مظفر آباد، وادی نیلم ویلی جبکہ گلگت بلتستان کے علاقوں استور، غذر، گلگت، دیامیر، ہنزہ اور اسکردو میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 16 سے 21 جون کے دوران پنجاب میں اسلام آباد کے علاوہ راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخو پورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ جبکہ 17 سے 20 جون کے دوران ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بھکر، لیہ، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، ساہیوال، خانیوال، پاکپتن، اوکاڑہ، بہاولنگر، بہاولپور، خانپور اور رحیم یار خان میں وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا میں 15 سے 22 جون کے دوران چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی، نوشہرہ، کرم، کوہاٹ، وزیرستان، لکی مروت، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔