مزید خبریں

Jamaat e islami

لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کردیا،عقیل احمد خان

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا ہے کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ میں اضافے کے باعث گرمی کی شدت نے شہریوں کا جینا محال کردیا، پانی کی قلت کی وجہ سے شہری بازاروں سے مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبورہیں،معصوم عوام توانائی کے اذیت ناک بحران کا براہ راست نشانہ بنے ہوئے ہیں، بے روزگاری، مہنگائی اور عدم تحفظ کے شدید احساس نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی مگر حالیہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے تو پاکستانیوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بجلی کے بحران سے ستائے ہوئے معصوم عوام پر تشدد کرنے کی بجائے بجلی کے سنگین ترین بحران پر قابو پانے کےلیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کرے کیونکہ حکومت کی غفلت جلتی پر تیل چھڑکنے کا کام کر رہی ہے۔ توانائی کے اس بدترین بحران نے صنعتی، تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو تباہ کر کے رکھ دیا
ہے۔حکومت کو ترجیحی بنیادوں پر بجلی کی پیداوار بڑھانے کےلیے اقدامات کرنا ہونگے ورنہ صنعت و تجارت اور معیشت تباہ ہو جائیگی۔ انہوں نے حکومت کی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ اگر اس بدترین بحران پر فوری قابو نہ پایا گیا تو جماعت اسلامی احتجاج کا دائرہ کار وسیع ہوتا چلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ معصوم شہری سسک کر زندگی گزار رہے ہیں۔ مزدوروں کا معاشی قتل عام ہو رہا ہے، گھنٹوں بجلی غائب رہنے کی وجہ سے شہری پینے کے پانی سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔ بجلی کے اس بدترین بحران نے لوگوں کو نفسیاتی مریض بنا دیا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ پانی کی قلت نے بھی عام شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے اور ٹینکر مافیا کے ہتھے چڑھنے پر مجبورہو کر مہنگے داموں بازاروں سے پینے کے لیے پانی خرید رہے ہیں۔ مذکورہ مسائل کے حوالے سے متعلقہ اداروں کے افسران سے بارہا رجوع کیا گیا مگر ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں جاری حالیہ اضافہ عوام پر عذاب نازل کرنے کے مترادف ہے۔ حکومت موجودہ طویل ترین اعصاب شکن بجلی کے بحران سے عوام کو نجات دلائے۔