کراچی(نمائندہ جسارت)فنکشنل مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکرٹری ،جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ فنکشنل لیگ کی قیادت بے داغ اور محب وطن قیادت ہے ، ملک کی باقی پارٹیوں کی قیادت نہ صرف نیب زدہ ہے بلکہ موجودہ وزیر اعظم بھی نیب کے چکر کاٹ رہے ہیں ۔یہ بات انہوں نے فنکشنل لیگ ضلع وسطی کی جانب سے فور کے چورنگی پر سرائیکی اور دیگر برادریوں کی اہم شخصیات اور دیگر افراد کے شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سردار عبدالر حیم نے فنکشنل لیگ میںبڑی تعداد میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ شہیدسورہیہ بادشاہ نے عوام کے حقوق کے لیے انگریز سامراج سے مقابلہ کیا اور انہیں یہاں سے بھاگنے پر مجبور کیا۔ 65 اور 71 کی جنگوں میں حروں نے پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ مل کر بڑی بہادری کے ساتھ جنگ لڑی اور پاک سر زمین کا دفاع کرتے ہوئے دشمن پر برتری حاصل کی اور دوسروں کی طرح انگریزوں سے خان بہادر اور سر کے لقب حاصل نہیں کیے آج بدقسمتی سے ان انگریزوں کے کاسہ لیسوں کی اولاد پاکستان کے عوام پر حکمرانی کررہی ہے انہوں نے کہا کہ عوام کو محب وطن سیاسی جماعتوں کا انتخاب کرنا ہوگا۔جلسے سے سرائیکی عوامی اتحاد کے چیئرمین ملک محمد فیصل کھرل نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرفنکشنل لیگ کے رہنما ارمان فیاض، ذاکر علی پٹنی اویس رانا رضا خان سید عزیز نوید نوری کنور وجاہت علی راجپوت علی ملک اوردیگر موجود تھے۔