مزید خبریں

امراء کی مراعات بند کی جائیں،میاں زاہد حسین

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدرامیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کوتباہی کے دہانے سے واپس لانے کے لیے بجلی، گیس اور ہر قسم کی اشیاء پرسبسڈی اور مراعات کی صورت میں مسلسل رعایت کا سلسلہ مکمل طورپربند کرنا ہوگا جبکہ زرعی آمدنی سمیت ہرقسم کی آمدنی پر ٹیکس عائد کرنا ہوگا۔ پچھترسال سے فوائد سمیٹنے والی اشرافیہ کواب اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی ورنہ اشرافیہ کا نام ونشان مٹ جائے گا۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ارب پتیوں کو اضافی قیمت پرتیل گیس بجلی پانی اوردیگرسہولیات فراہم کی جائیں جبکہ غریب ترین افراد کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جائے۔ ملکی نظام کو درست کرنے کے لیے پڑوسی ممالک میں کئی دہائیوں سے رائج سسٹم کوسمجھا جائے جہاں غریب کوآٹا دال چاول اورگھی بھی امیروں کے مقابلہ میں سستے داموں ملتا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ ملکی سیاست اورمعیشت کواشرافیہ نے جکڑرکھا ہے اوروہ کھربوں کے فوائد لینے کے ساتھ اربوں روپے کی بجلی اور گیس بھی چوری کر رہے ہیں مگراب ملکی سالمیت کی خاطراس سسٹم میں تبدیلی لانا ہوگی۔