مزید خبریں

میرپورخاص: بارہویں جماعت کا بوٹنی کا پیپر سوشل میڈیا پر وائرل

میرپورخاص (نمائندہ جسارت)گزشتہ روز ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے تحت ہونے والا بارہویں جماعت کا سائنس گروپ کا بوٹنی کا پرچہ امتحانی مراکز پر پہنچے سے پہلے ہی 1 بج کر 25 منٹ پر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، پیپر کے ساتھ حل شدہ جوابات بھی سوشل میڈیا پرموجود ہیں ، جبکہ پرچے کا وقت 2 بجے مقرر ہے اور پیپر کا دورانیہ 2 گھنٹے رکھا گیا ہے۔ صبح اور شام کی شفٹوں میں ہونے والے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے پیپرز بورڈ انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث بھیانک کھیل اور مذاق بن گیا۔ بتایا گیا ہے کہ امتحانی مراکز کے قریب دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے اس کے باوجود نقل کرانے والوں کا مراکز کے قریب ہجوم نظر آتا ہے اعلیٰ تعلیمی بورڈ کے امتحانات میں نقل مافیا کی بڑھتی ہوئی بدعنوانی سنگین خطرے کی گھنٹی ہے جو اس جانب بھی توجہ دلاتی ہے کہ سندھ میں تعلیمی بورڈ سمیت تعلیمی و تدریسی نظام شدید بگاڑ کا شکار ہے۔ اس مبینہ خطرناک کرپشن میں بورڈ کے اہلکار و اعلیٰ افسران سمیت کوچنگ سینٹرز اور پرائیوٹ ا سکولوں کے اساتذہ و انتظامیہ بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔